نئی دہلی 10،؍ستمبر(ایس او نیوز)کانگریس پارٹی نے بی جے پی پر الزام لگایا ہے کہ وہ صحافی گوری لنکیش کے قتل کو نکسل واد سے جوڑنے کی کہانی گھڑ رہی ہے۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوال نے مرکزی وزیر قانون روی شنکر کے اس بیان کے جواب میں یہ کہا جس میں روی شنکرنے گوری کے قتل میں نکسل وادیوں کا ہاتھ ہونے کا اشارہ کیا تھا ۔
سرجیوال کا کہنا ہے کہ وزیر قانون روی شنکر نے بغیر کسی ثبوت کے اس قسم کا بیان دیا ہے۔کانگریس ترجمان نے پانچ سوالات بی جے پی اور حکومت کے سامنے رکھتے ہوئے پوچھا ہے کہ آخر وزیراعظم نے گوری لنکیش کے قتل پر ابھی تک کوئی بیان کیوں نہیں دیا؟گوری کے قتل پر جشن منانے والوں کو وزیر اعظم ٹوئٹر پر کیوں فالوو کررہے ہیں؟کرناٹکا ایم ایل اے جیوراج کے بیان پر این ڈی اے حکومت اور بی جے پی کا موقف کیاہے؟وزیر قانون روی شنکر کے پاس گوری کے قتل کو نکسلیوں سے جوڑنے کے لئے کیا ثبوت دستیاب ہیں؟کیا بی جے پی کے منافرت والے ایجنڈے اور کرپشن پر گوری لنکیش کے مضامین ایک سچائی نہیں ہیں؟